پشاور ہائیکورٹ؛ وزیراعلی خیبرپختونخوا کیخلاف مقدمات کی تفصیلات طلب

ہمارے خلاف مقدمات تو درج ہیں لیکن ان کی تفصیلات ہمارے پاس نہیں، علی امین

فوٹو -فائل

PESHAWAR:

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

ہائیکورٹ میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار علی امین گنڈاپور نے اپنے وکیل عالم خان ادینزئی ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار صوبے کا وزیراعلی ہے اور ان کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات تو درج ہیں لیکن ان کی تفصیلات ہمارے پاس موجود نہیں۔

وزیراعلی عدالت میں پیش ہوئے اور روسٹرم پر آکر کہا کہ مجھ پر مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ نے پوچھا کہ یہ عوامی منتخب نمائندے اور صوبے کے سربراہ ہیں، ان کے خلاف مقدمات کی معلومات کیوں نہیں دے رہے، وزیراعلٰی کو معلومات فراہم کی جائیں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم وفاق اور وفاقی اداروں سے معلومات لے سکتے ہیں، مگر پنجاب حکومت سے نہیں۔

ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ کیا بات کررہے ہیں، پنجاب وفاق کا حصہ ہے، یہ نہ کہیں آپ کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

ہائیکورٹ نے وزیراعلی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سمیت جہاں بھی مقدمات درج ہیں، تفصیلات فراہم کی جائیں۔

Load Next Story