اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی؛ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، جس سے انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا جب کے ایس ای 100 انڈیکس 695 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 86753 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بازارِ حصص میں سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کے نتیجے میں انڈیکس میں 749 پوائنٹس کی بڑی تیزی ریکارڈ ہوئی، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس مزید بڑھ کر 86807 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (کاروباری ہفتے کے پہلے دن) بھی پی ایس ایکس میں تیزی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 86000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح پر دوبارہ بحال ہوگیا تھا۔
علاوہ ازیں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے اشاریوں کے باعث مثبت خبریں سامنے آر ہی ہیں۔
ملک میں ڈرون بنانے والے پاکستانی اسٹارٹ اپ ”اسکائی ان“ کی جانب سے ایک ملین ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری سے اپنی پیداواری گنجائش میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں تیار کردہ ڈرون ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔
دریں اثنا سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار انرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی کی برآمدات میں 33.54 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جب کہ پاکستان میں نئی کمپنیوں کے اندراج کا شاندار ریکارڈ بھی قائم ہوگیا۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے رواں سال میں 2,617 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا ہے جو 2023 کی نسبت 6 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے نتیجے میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 231,111 ہو گئی ہے۔