عمران خان کی وڈیو لنک کے ذریعے عدم پیشی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی اے سے رپورٹ مانگ لی

  اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر جیل میں انٹرنیٹ سروس سے متعلق پی ٹی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین، فیصل چوہدری اور جیل حکام پیش ہوئے۔

کمیشن نے جیل حکام سے استفسار کیا کہ عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کا کہا تھا کیا ہوا؟ اس پر جیل حکام نے کہا کہ جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت تاحال خرابی کے باعث دستیاب نہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ کمیشن ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا حکم دے۔ کمیشن نے کہا کہ یہ ہمارا کام نہیں ہے۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم اپنے موکل کے بارے میں فکرمند ہیں، آج شام کو کمیشن جیل چلے ہم بھی آجائیں گے کیوں کہ جیل کا انٹرنیٹ نہیں ٹھیک ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہوگا۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے جیل میں انٹرنیٹ سروس سے متعلق پی ٹی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔