کراچی؛ بہنوئی کے قتل کے ملزم کی تھانے میں مبینہ خودکشی

جھگڑے کے دوران ملزم کا مکا لگنے سے بہنوئی ہلاک ہوگیا تھا، آج پیشی سے قبل تھانے کے واش روم میں خودکشی کرلی، پولیس

کراچی:

بہنوئی کے قتل کے ملزم نے تھانے کے لاک اپ میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق کلفٹن تھانے کے لاک اپ میں ملزم نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی۔ ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

ایس ایچ او کلفٹن اعظم راجپر کے مطابق ملزم خلیل الرحمن ولد محمد بخش کو 21 اکتوبرکو بوٹ بیسن پولیس نے گرفتارکیا تھا ۔ ملزم کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 24/690 بجرم دفعہ 316 کے تحت درج ہے جس میں ملزم نامزد تھا ۔

20 اکتوبر کو ملزم خلیل الرحمن کا گلشن سکندر آباد میں اپنے بہنوئی سے جھگڑاہوا تھا اور جھگڑے کے دوران ملزم کا مکا لگنے سے اس کا بہنوئی جاں بحق ہو گیا تھا۔ واقعے کامقدمہ مقتول بہنوئی کے بھائی ریاض احمد نے درج کرایا تھا ۔

ملزم کو آج منگل کے روز عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کرنا تھا، تاہم اس سے قبل ہی ملزم نے اپنی قمیض کی مدد سے لاک اپ کے واش روم میں گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کی۔ پولیس مزید قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔

Load Next Story