سیکیورٹی خدشات؛ اڈیالہ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت نہ ہوسکی

احتساب عدالت اسلام آباد نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل عنصر کیانی جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

جی ایچ کیو کیس؛ جج کو اڈیالہ آنے سے روک دیا گیا، عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

عنصر کیانی نے کہا کہ تھوڑا وقت دے دیں میں سینئر کونسل سے کنفرم کر لیتا ہوں، سینئر وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں میں ہدایات لے کر عدالت کو بتاتا ہوں۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عنصر کیانی نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ جیل میں سیکیورٹی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن میں توسیع ہو گئی ہے اڈیالہ جیل میں اس وقت کیس کی سماعت نہیں ہو سکتی۔

احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سیکیورٹی خطرات، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی عمران خان کے کیسز ملتوی کرنیکی درخواست

واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی خدشات کے باعث قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کردی گئی ہے اور سپرنٹنڈنٹ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔