بالی وڈ فلم نے پاکستانی گلوکارہ ریشماں کا گانا 'اکھیاں نو رہن دے' چوری کرلیا
بالی وڈ میں پاکستانی گانوں کو چوری کرنے کا رواج کوئی نیا نہیں اور اب ایک اور مشہور پاکستانی گانا "اکھیاں نو رہن دے" کو بھارتی فلم 'دو پٹی' میں شامل کر لیا گیا ہے، جس پر پاکستانی شوبز ستارے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
فلم 'دو پتی' کا ٹریلر حال ہی میں منظر عام پر آیا ہے جس میں سینئر اداکارہ کاجول اور اداکارہ کریتی سینن نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، جبکہ اداکار شہیر شیخ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم 25 اکتوبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جائے گی تاہم، فلم کا ایک گانا "اکھیاں نو رہن دے" خوب وائرل ہو رہا ہے، جو دراصل پاکستان کی لیجنڈ گلوکارہ ریشماں کا گایا ہوا ہے، جسے انہوں نے 1975 میں اپنی البم ریشماں کے لیے گایا تھا۔
پاکستانی فنکاروں نے بالی وڈ کی جانب سے اس گانے کی چوری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر بالی وڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک کلاسک گانے کے ساتھ برا سلوک کیا گیا ہے، اور لیجنڈری گلوکارہ ریشماں جی اور ان کی میراث کی عزت کی جانی چاہیے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بالی وڈ نے پاکستانی گانے کو چوری کیا ہو، اس سے قبل بھی کئی پاکستانی گانے بالی وڈ فلموں میں بغیر اجازت کے استعمال ہو چکے ہیں۔