بھارت نے جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیار متعارف کرائے، پاکستان
پاکستان نے جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے مقصد کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے اور ان جائز وجوہات کو تسلیم کرنا ضروری ہے جن کی وجہ سے ریاستیں ان ہتھیاروں کو حاصل کرتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے نیوکلیئر ہتھیاروں سے متعلق فرسٹ کمیٹی کے مباحثے میں دیے گئے بیان میں کیا۔
انھوں نے کہا کہ بڑے فوجی خطرات، حل طلب تنازعات، موثر سلامتی کے نظام کی عدم موجودگی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی عدم عمل داری ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کی طرف مائل کرنے والے عوامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیار متعارف کرائے اور جوہری تجربات نہ کرنے کی یقین دہانی سے انکار کر دیا، بھارت کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کر رہا اور سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی خواہش رکھتا ہے۔