ایف آئی اے کی شکارپور میں کارروائی، اربوں مالیت کی زرعی زمین واگزار
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے شکارپور میں واقع متروکہ وقف املاک بورڈ کی اربوں روپے مالیت کی زرعی زمین واگزار کروا لی۔
سپریم کورٹ از خود نوٹس کے احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سکھر نے کارروائی کی۔ واگزار کرائی گئی پراپرٹی کی مالیت 1 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
مذکورہ پراپرٹیز شکارپور کے علاقے ٹاپوجانو تالکہ میں واقع تھی جس پر مختلف لوگوں نے ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا۔ مذکورہ زرعی زمین 691 ایکڑ پر مشتمل ہے جسے واگزار کروا کر متروکہ وقف املاک حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی میں مختیارکار شکارپور، متروکہ وقف املاک اور محکمہ مال کے حکام بھی شامل تھے۔
سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی قابض شدہ پراپرٹی کو واگزار کروانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔