سندھ؛ مستقل طورپرڈیوٹی سے غیرحاضر ایک ہزارسے زائد اساتذہ وملازمین کی تنخواہیں روکنے کا حکم
سندھ میں مستقل طور پرغیرحاضر ایک ہزار 369 اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا گیا۔
سندھ بھر میں ایک ہزار 369 اساتذہ و ملازمین کا مستقل طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے کی جانچ پڑتال تیز ہوگئی۔ سیکریٹری تعلیم سندھ کی بنائی گئی اسکروٹنی کمیٹی نے اساتذہ و ملازمین کی غیر حاضری پر رپورٹ پیش کردی۔سیکریٹری تعلیم نے غیر حاضر اساتذہ و ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے ایک ہزار 369 اساتذہ و ملازمین مستقل ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے کا انکشاف مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا تھا کہ جس کے بعد سیکریٹری تعلیم سندھ کی جانب سے اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ ایڈیشنل سیکریٹری کمیٹی کے سربراہ جبکہ دو ڈپٹی سیکریٹری اور ایک سیکشن افسر بطور ارکان شامل تھے۔ اسکروٹنی کمیٹی ممبر و سیکشن افسر سعید احمد میمن نے اس حوالے سے مانیٹرنگ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو خط لکھ کر 1369 اساتذہ و ملازمین کی حاضری کا ریکارڈ شواہد کے ساتھ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ و ملازمین کی بڑی تعداد بیرون ملک موجود ہے اور مستقل بنیاد پر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی نے جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے جبکہ مستقل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ و ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں