فوجی عدالت سے سزا پوری ہونے کے باوجود ملزمان کی عدم رہائی پر حکومت کو نوٹس
پشاور ہائیکورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پوری ہونے کے باوجود ملزمان کی عدم رہائی پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
ہائیکورٹ میں ملٹری کورٹ سے سزایافتہ ملزمان کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت اور سپرٹینڈنٹ جیل کو نوٹس جاری کردیا
درخواست گزاروں کے وکیل نے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دیا، چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ (مرحوم) نے ملزمان کی ملٹری کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دیا تھا، اس کے باوجود ملزمان نے قید بھی پوری کرلی ہے لیکن ابھی تک ان کی رہائی نہیں ہوئی۔
عدالت نے صوبائی حکومت اور جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔
درخواست گزار اسماعیل، عبد الرؤف، احسان اللہ، انصاف اللہ اور آصف خان کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔