فلم 'جگرا' کی ناکامی پر تنقید، ڈائریکٹر نے اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا
فلم 'جگرا' کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد مشہور ہدایتکار واسَن بالا نے اپنا ٹویٹر (X) اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
واسن بالا سوشل میڈیا پر فلم کے دفاع میں پوسٹ کر رہے تھے اور اپنے ناقدین کو جواب دے رہے تھے، لیکن اچانک ان کا اکاؤنٹ غائب ہو گیا۔ اب ان کے تبصروں کے بجائے خالی باکسز نظر آتے ہیں، جن میں لکھا ہوتا ہے، "یہ پوسٹ ایسے اکاؤنٹ سے ہے جو اب موجود نہیں۔"
رپورٹس کے مطابق، واسَن بالا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ باکس آفس کے نمبرز فلم کی کامیابی کا واحد معیار نہیں ہیں۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی اور انہیں "متکبر" کہا گیا کہ وہ ناظرین کی رائے کو نظرانداز کر رہے ہیں۔
'جگرا' کی ناکامی کے بعد شائقین نے سوال اٹھایا کہ کیوں واسن بالا فلم کی ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ فلم کی ریلیز سے پہلے عالیہ بھٹ اور ویدنگ رائنا اسے بھرپور طریقے سے پروموٹ کر رہے تھے۔
فلم 'جگرا' کا مقابلہ باکس آفس پر 'وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو' سے تھا، جس میں راجکمار راؤ اور ترپتی ڈمری نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ دونوں فلمیں ناکامی کا شکار رہیں، لیکن 'وکی ودیا' نے 'جگرا' سے بہتر کارکردگی دکھائی۔
دھرما پروڈکشنز کی بینر تلے بنی 'جگرا' نے 20 اکتوبر تک بھارت میں صرف 26.39 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ فلم میں عالیہ بھٹ نے بڑی بہن کا کردار نبھایا، جو اپنے بھائی کو، جس کا کردار ویدنگ رائنا نے ادا کیا، ایک غیر ملکی جیل سے نکالنے کی کوشش کرتی ہے۔