کراچی: آن لائن فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار ، لاکھوں روپے مالیت کے لیڈیز سوٹ برآمد
پولیس نے آن لائن فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے قبضے اور نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کے 95 لیڈیز سوٹ برآمد کرلی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی وقار قیصر نے بتایا کہ ملزم ملک محمد افہم ولد محمد انور کو خفیہ اطلاع پر انار کلی فلیٹس سیکٹر فائیو ایل میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم آن لائن لیڈی سوٹس کا آرڈر دیتا تھا اور آرڈر ریسیو کرنے کے لیے انارکلی فلیٹس کا ایڈریس بتاتا تھا اور آرڈر آنے پر مال ریسیو کر کے بغیر ادائیگی کے رائیڈر کو چکمہ دیکر فرار ہو جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم مختلف ناموں اور مختلف موبائل نمبرز کے ذریعے آرڈر دیتا تھا جبکہ ملزم کے زیر استعمال فون نمبرز کی اونرشپ رحیم یار خان و بہاولپور کی ہوتی تھیں۔
وقار قیصر نے بتایا کہ ملزم کو عین اس وقت پکڑا گیا جب وہ فراڈ کرنے کے لیے آرڈر ریسیو کرنے انار کلی فلیٹس کے پاس پہنچا تھا ، ملزم کی نشاندہی پر پہلے کیے گئے فراڈ سے حاصل شدہ سوٹس میں سے 95 لیڈی سوٹس پولیس نے برآمد کرلیے ہیں۔
گرفتار ملزم ڈیفنس تھانے میں درج چیک باؤنس کے مقدمہ میں بھی مفرور اور کلفٹن تھانے میں درج دوسرے چیک باؤنس کے مقدمے میں اشتہاری ہے جبکہ لوگوں سے لاکھوں روپے کے غبن بھی میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
بلال کالونی پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا۔