حکومت سندھ کا نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان
شرجیل میمن کے زیرصدارت اجلاس،گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی گھر بیٹھے دینے کا فیصلہ
کراچی:
حکومت سندھ نے نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز و ٹیکسیشن اور ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اس ضمن میں محکمہ ایکسائو کو کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز محمد سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے سالانہ ٹیکس محصولات کا 34 فیصد تین ماہ 15 دن میں حاصل کر لیا ہے۔ اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز کو ٹیکس ٹارگیٹس بڑھانے اور ٹیکس وصولیاں تیز کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔
اجلاس میں ٹیکسیشن کے نظام کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی گھر بیٹھے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یکم جنوری سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر بھی آن لائن ہو جائے گی ، شہری گھر بیٹھے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کر سکیں گے اور موٹر وہیکل ٹیکس بھی گھر بیٹھے ادا کر سکیں گے، نقد ڈیلنگ ختم ہونے سے عوام کو بہترین سہولت ملے گی اور شفافیت کو بھی فروغ ملے گا، حکومت سندھ کے ویژن کے تحت ٹیکس ادائگی کا نظام مزید آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، تمام اقدامات کا مقصد عوام کی دشواریوں کا خاتمہ ہے، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن نے حالیہ مالی سال کے ٹیکس ٹارگٹ کا 34 فیصد وصولی کر لیا، جو خوش آئند بات ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرکاری نمبر پلیٹ لگانے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جائے، نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور نمبر پلیٹ کی چیکنگ کے لئےمزید اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایات دیں کہ سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈ ریزنگ کے لیے پریمئم اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کے لیے رابطہ مہم تیز کی جائے، پریمئم اور پرسنل نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کو مزید تیز کرنے کے لیے مہم چلائی جائے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ لوگ آن لائن نیلامی میں حصہ لے سکیں، آن لائن نیلامی سے جمع ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے لیے دی جائے گی۔