QUEETA:
بلوچستان کے دارالحکومت میں شام کے وقت ہونے والے تین دھماکوں کا معمہ حل ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں مغرب سے کچھ دیر قبل تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں تھیں جس کے بعد شہری خوف کا شکار ہوگئے تھے۔
پولیس نے دھماکے کے تعین کیلیے ٹیمیں روانہ کیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ نامعلوم مقام سے کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن پر مارٹر گولے داغے گئے، جس میں سے ایک گھر پر اور دو سڑک پر فائر کیے گئے تھے۔
دھماکے مارٹر گولوں کے تھے جس کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دھماکے سے گھر میں چھت کی دیوار اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے بعد انسداد دہشت گردی فورس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔