وفاقی سینسر حکم نامہ کیخلاف فلم پروڈیوسر تقسیم کاروں کا احتجاج

حکمنامہ کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کے سینما صرف وفاقی سینسر سرٹیفکیٹ کے پابند ہونگے

صوبائی سینسر بورڈ کی حیثیت ختم ہوجائے گی، حکم نامہ کیخلاف رٹ کریں گے، سعید رضوی فوٹو: فائل

لاہور:
وفاقی فلم سینسر بورڈ کی طرف سے کنٹونمنٹ بورڈ میں موجود سینما گھروں کے مالکان کو خط لکھ کر یہ احکامات جاری کردیے کہ اب کراچی میں وہ تمام سینما جو کنٹونمنٹ بورڈ کے زیر اثر آتے ہیں وہ صرف اسلام آباد فلم سینسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ فلم سینسر سرٹیفکٹ کے احکامات کے پابند ہوں گے۔


اس حکم نامے کے بعد کراچی کے وہ سینما گھر جو کنٹومنٹ بورڈ کے علاقہ میں موجود نہیں ہیں وہ کنفیوژن کا شکار ہوگئے ہیںکیا ان سنیما گھروں کو کسی علیحدہ قانون کے تحت صوبائی فلم سینسر بورڈ اجازت نامہ جاری کرے گا؟۔اس پر کراچی میں فلموں میں سر مایہ کاری کرنے والے فلم پروڈیوسر پریشان ہیں،کراچی سے وابستہ فلم پروڈیوسر اور تقسیم کاروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے سابق چئیرمین سعید رضوی نے اپنے ردل عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد فلم سینسر بورڈ کے اس حکم سے سینما انڈسٹری کو نقصان پہنچے گا اور خاص طور سے سندھ فلم سینسر بورڈ کی اہمیت ختم ہوجائے گی، جو 18ویں ترمیم کی بھی خلاف ورزی ہے انھوں نے کہا ہم اس غیر قانونی حکم نامہ کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور رٹ دائر کریں گے کیونکہ یہ حکومت سندھ کے کاموں میں مداخلت ہے جو کسی طور پر قابل قبول نہیں۔
Load Next Story