شیخوپورہ پنجاب کی سیف سٹیز میں شامل، مریم نواز نے افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اگلے ہفتے مزید 5 سیف سٹی منصوبوں کا افتتاح کریں گی

SHEIKHUPURA:

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے شیخوپورہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جس کے بعد شیخوپورہ صوبے کی سیف سٹیز میں شامل چوتھا شہر بن گیا جبکہ اگلے ہفتے مزید 4 شہر شامل ہوجائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شیخوپورہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کردیا اور ہر شہر کو محفوظ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیخو پورہ پنجاب کی سیف سیٹز میں شامل ہونے والا چوتھا شہر ہے اور کہا گیا کہ صوبے کے 18 شہروں کو سیف سٹی بنانے کے پروگرام کا آغاز آج شیخوپورہ سے کر دیا گیا ہے اور اگلے ہفتے مزید 4 شہر سیف سٹی بن جائیں گے اور ان کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کریں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے دو ہفتوں میں مزید 5 شہروں میں سیف سٹی فعال کرنے کا بھی حکم  دیا اور مارچ تک تمام 18بڑے شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے سیف سٹی شیخوپورہ کی ویڈیو وال کا بھی مشاہدہ کیا اور سیف سٹی شیخوپورہ میں نصب جدید مواصلاتی آلات کا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہیں جدید باڈی کیم، رگڈ اسمارٹ فون اور دیگر آلات کے بارے بتایا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیف سٹی شیخوپورہ کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا جہاں ایم ڈی سیف سٹی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پولیس کمیونیکشن افسران سے بات چیت کی اور سیف سٹی کیمرے سے سڑکوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شیخوپورہ کے 52 اہم مقامات پر  273 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار طریقے سے ای چالان ہوں گے، سیف سٹی شیخوپورہ ائیر کوالٹی انڈکس کی بھی مانیٹرنگ کرے گا، جرائم پیشہ افراد کے چہرے کی شناخت(فیشل ریکگنیشن سسٹم) سے  شناخت اور سراغ لگایا جائے گا-

وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ شیخوپورہ شہر کے 10 مختلف مقامات پر پینک بٹن بھی نصب  کیے گئے ہیں، شیخوپورہ شہر کے 15 مقامات پر وزیر اعلیٰ مریم نواز فری وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے-

بعد ازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شیخوپورہ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی جہاں ڈی پی او شیخو پورہ نے امن وامان کی صورت حال پر انہیں بریفننگ دی۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سی ایم اینیشی ایٹو پر پیش رفت سے آگاہ کیا، شیخوپورہ-سرگودھا روڈ کی تعمیر و توسیع اور اوور ہیڈ کے پراجیکٹ پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا حکم دیا، وزیر اعلیٰ نے ڈی سی اور پولیس حکام کو عوام کے لیے آفس کے دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت کردی، اراکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں اور اینشی ایٹو کی مانیٹرنگ اور وزٹ کی بھی ہدایت کردی۔

Load Next Story