کراچی میں بلوچستان سے آنے والی گرم ہواؤں کے سبب حدت بڑھ گئی

جمعے کو پارہ 38ڈگری تک تجاوزکرسکتا ہے


اسٹاف رپورٹر October 24, 2024

کراچی:

شہرقائد میں بلوچستان کی گرم شمال مغربی ہواؤں کے سبب حدت پھربڑھ گئی،جمعرات کوپارہ 39.2ڈگری سینٹی گریڈ رہا،نمی کاتناسب کم ہونے کے سبب اصل درجہ حرارت کے مساوی(ہیٹ انڈیکس 39ڈگری) گرمی محسوس ہوئی، جمعے کو پارہ 38ڈگری تک تجاوزکرسکتا ہے۔ 

شہرمیں جمعرات کوبیک وقت دوقسم کے موسم ریکارڈ ہوئے،جس کے دوران رات سے صبح کے درمیان مختصروقت کے لیےموسم خنک رہا بعدازاں بیشتروقت بلوچستان کی گرم وخشک ہوائیں چلنے کے سبب درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوا اور دوپہر12بجے شہرکا درجہ حرارت 37ڈگری کوعبورکرگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.2ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہواجبکہ نمی کا تناسب 24فیصد رہا،نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب شہرکا ہیٹ انڈیکس اصل درجہ حرارت کے مساوی محسوس ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3روزکے دوران موسم گرم وخشک رہنے کی توقع ہے، دن کے پہلے نصف کے دوران ہواؤں کی سمت شمال مغرب(بلوچستان)کی جانب سے رہےگی،تاہم شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق ہواؤں میں نمی کاتناسب 20سے30فیصد کے درمیان ہونے کے سبب ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوں گی، ارلی وارننگ سینٹرکے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع سجاول،ٹھٹھہ،عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بھی درجہ حرارت 37 تا 39 ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں