کراچی کے بڑے حصے میں پانی کا بحران، چار روز سے فراہمی معطل

یونیورسٹی روڈ پرلائن اور والز متاثر ہونے سے لاکھوں گیلن پانی ضائع

کراچی:

شہر قائد میں مختلف مقامات پر لائن اور والز متاثر ہونے سے پانی کا بحران  پیدا ہوگیا۔ 

واٹر کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ مرمتی کام کرکے پانی کی فراہمی شروع کردی ہے جبکہ پرانی سبزی منڈی پر پانی کی لائن  سے رساؤ جاری ہے جس سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔

چار دن سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہے جس کی وجہ سے شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں، یونی ورسٹی روڈ  پر ریڈ لائن منصوبے کے ترقیاتی کام کے دوران مرکزی لائن متاثر ہوئی تھی، اس کے علاوہ مزید تین مقامات پر والز اور لائن متاثر ہوئی۔

واٹر کارپوریشن نے مرمتی کام  شروع کردیا تھا جس کو جمعرات کی رات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تاہم اس کے باوجود پرانی سبزی منڈی پر لیکجز میں ایک بار پھر رساؤ شروع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں گیلن پانی سڑک پر ضائع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد، رنچھولائن، اولڈ سٹی ایریا، صدر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور ملیر میں پانی کی فراہمی بند ہے۔

 ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا  ہے کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے تین مختلف مقامات پر والوز کی تبدیلی اور لائنوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، چوتھے مقام پر مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے پر کام کے دوران پرانی سبزی یونیورسٹی روڈ کے قریب واٹر کارپوریشن کی مین لائن میں ہونے والے دونوں بڑے برسٹ کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، ایک وال نصب کیا گیا ہے جبکہ دوسرے وال کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کینجھر جھیل دریائے سندھ سے پانی کی لیول بڑھا دی گئی ہے، آج رات لائنوں کو چارج کیا جائے گا اور لائنیں چارج ہوتے ہی شہر میں پانی کی فراہمی بحال کی جائے گی، واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے ایک وقت میں چار مختلف مقامات پر مرمتی کام بغیر کسی وقفے کے جاری تھا۔ 

Load Next Story