نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا پہلا انتظامی حکم

پہلے انتظامی حکمنامے کے مطابق جن مقدمات میں کوئی قانون چیلنج ہوا ہے انکی الگ کیٹیگری بنائی جائے


جہانزیب عباسی October 25, 2024

اسلام آباد:

نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پہلا انتظامی حکم جاری کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو آئینی بینچ کے حوالے سے پالیسی دیدی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس آج جمعے کے روز ساڑھے 10بجے سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوگا، نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا ہے

پہلے انتظامی حکمنامے کے مطابق جن مقدمات میں کوئی قانون چیلنج ہوا ہے انکی الگ کیٹیگری بنائی جائے،نامزد چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کل ہفتے کے روز حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان اپنے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کریں گے ،نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی بھی خطاب کریں گے، سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کیلئے بیرون روانہ ہوچکے ہیں جس کے سبب وہ فل کورٹ ریفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

عدالتی عملے کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مقدمات کی سماعت کا آخری روز تھا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 10 مقدمات کی سماعت کی،10 میں سے 4 مقدمات کے فیصلے اور 6 کو ملتوی کیا گیا، ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے ججز روسٹر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ میں کل سات بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں آج جمعہ کے روز ظہرانے کا اہتمام نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور دیگر ججز کی جانب سے کیا گیا ہے جس کی ادائیگی اپنی جیب سے کریں گے، سپریم کورٹ میں آئینی بنچز کو مقدمات کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، عدالت نے اسلام آباد میں شُفہ سے متعلق مقدمہ آئینی بنچ کو بھجوا دیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے اعزاز میں سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل نے عشائیہ دیا۔

جس میں نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت سپریم کورٹ کے ججز، تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان بھی شریک تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں