اختر مینگل کے خلاف ایف آئی آر فسطائیت کی بدترین مثال ہے، جے یو آئی
جمعیت علما اسلام نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فسطائیت کی بدترین مثال قرار دے دیا۔
جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ انتقام کی بنیاد پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی ہمیشہ مذمت کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، سیاسی انتقام پر مقدمات کی روایت ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی حکومتوں کوجمہوریت اور مارشل لاء میں کچھ تو فرق ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، جمہوری حکومتیں ہی سیاسی قائدین کی کردار کشی پر اتر آئیں تو کسی اور سے کیا گلہ کیا جائے؟
جمعیت علما اسلام نے اختر مینگل پر درج مقدمات کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں جمہوری قدروں کو برقرار رکھا جائے۔