قیدی وین پر حملہ حکومتی ڈرامہ، کسی کو کچھ ہوا تو وزیر داخلہ تک سب ذمہ دار ہوں گے، وزیر اعلیٰ کے پی

اسلام اباد میں قیدیوں وین پر حملہ وفاقی حکومت کا ڈرامہ ہے اور یہ ڈرامے روز بڑھتے جارہے ہیں، علی امین گنڈا پور


ویب ڈیسک October 25, 2024

PESHAWAR:

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں قیدیوں کی وین پر حملہ وفاقی حکومت اور پولیس کا ڈرامہ ہے، جس کی میرے پاس ویڈیوز موجود ہیں، اگر ہمارے قیدیوں کو کچھ ہوا تو ایس ایچ او سے لے کر آئی جی اور وزیر داخلہ سب ذمہ دار ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد کے علاقے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب  پی ٹی آئی قیدیوں کی وین پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام اباد میں قیدیوں وین پر حملہ وفاقی حکومت کا ڈرامہ ہے اور یہ ڈرامے روز بڑھتے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت ڈرامے کررہی ہے کیونکہ عدالت نے ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی، ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس اہلکار وں اور کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا، پھر انہیں دوسرے مقدمے میں گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جیل منتقلی کے دوران ترنول تھانے کے ایس ایچ او نے خود گاڑی رکوا کر شیشے توڑے اور ہمارے گرفتار کارکنان و ایم پی ایز گاڑی کے تالے کھول کر نیچے اتار کر کھڑا کیا جس کے بعد اُن کے فرار کا ڈرامہ کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرے پاس ہر چیز کےثبوت ہیں، وفاقی حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ قیدیوں کو باحفاظت جیل پہنچائیں، اگر کسی کو کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار ایس ایچ او ترنول ،ضلعی پولیس آفیسر، ڈی آئی جی ، آئی جی اور وزیر داخلہ ذمہ دار ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں