علیمہ خان اور عظمی خان جیل سے رہا ہوکر اسلام آباد روانہ

جیل کے باہر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، کوئی مرکزی رہنما نہ پہنچا

JEHLUM/ISLAMABAD:

عدالتی احکامات موصول ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ اور عظمیٰ خان کو جہلم جیل سے رہا کردیا گیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے روبکار 9 گھنٹے تاخیر سے جہلم جیل پہنچے جس کے بعد جیل انتظامیہ نے دونوں کو رہا کردیا۔

رہائی کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنان بشمول خواتین بڑی تعداد میں جیل کے باہر موجود تھیں، جنہوں نے رہائی کے بعد نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کر کے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا استقبال کیا جبکہ مرکزی قیادت میں سے کوئی موجود نہیں تھا۔

رہائی کے موقع پر جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، بعد ازاں علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد روانہ ہوگئیں۔

دریں اثنا رہائی میں تاخیر میں تحریک انصاف کے کارکنان نے جیل کے باہر احتجاج بھی کیا۔
 

Load Next Story