PESHAWAR:
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے مسجد پر حملہ کیا اور اس دوران پاکستان ملیٹری اکیڈمی (پی ایم اے) میں زیرتربیت کیڈٹ لڑائی کے دوران شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع ملکی مروت میں ایک مسجد پر خوارج نے نماز مغرب کے وقت حملہ کیا اور فائرنگ شروع کردی جہاں جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ بھی موجود تھے اور انہوں نے بہادری سے ان کا مقابلہ کیا۔
بیان کے مطابق فائرنگ اور لڑائی کے دوران 19 سالہ جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ شہید ہوگیا اور مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے موجود بے گناہ شہریوں کی زندگی بچائی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ نوجوان کیڈٹ کی قربانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا مظہر ہے اور اس طرح کی شہادتیں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا شہید کیڈیٹ عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے، شہادت کے وقت جی سی عارف اللہ چھٹیاں گزارنے اپنے گھر آئے تھے۔
جی سی عارف اللہ شہید نے سوگواران میں والدین، 4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑی ہیں، ان کے بڑے بھائی بھی پاکستان آرمی میں دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جی سی عارف اللہ شہید نے نہتے ہوتے ہوئے بھی فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کا لڑائی میں مقابلہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے مسجد میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے کیڈٹ عارف اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہید کیڈٹ عارف اللہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسجد پر حملے کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، شہید کیڈٹ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور نمازیوں کی جانیں بچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہادر کیڈٹ عارف اللہ کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید کیڈٹ عارف اللہ کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔