اے وی ایل سی کورنگی پولیس کی کارروائی، 4 رکنی بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر و ڈکیت گینگ گرفتار
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کورنگی نے شہر میں انتہائی سرگرم 4 رکنی بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر و ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے وی ایل سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسرار ، اظہر ، احمد نواز اور مزمل کے نام سے کی گئی جبکہ ملزمان کے قبضے و نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے چوری اور چھینی جانے والی 12 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکلوں کو کھولنے والی الیکٹرونک مشینیں ، ٹول کٹ اور چھینے ہوئے موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں ، ملزمان کو اے وی ایل سی کورنگی پولیس نے تیکنکلی بنیاد پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکلوں میں سے 3 ہنڈا 125 اور دیگر 70 سی سی کی موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ عادی جرائم پیشہ ، انتہائی سرگرم اور پولیس کو مطلوب تھا ، ملزمان کا گروہ اپنے دیگر مفرور ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر اسٹریٹ کرائمز کی بھی وارداتیں کرتا تھا جبکہ ملزمان کے خلاف موٹر سائیکل چوری ، موبائل چھینے اور غیر قانونی اسلحے کے متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے پارٹس حب کے علاقے میں فروخت کرتے تھے جبکہ پولیس گرفتار ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔