بھارتی کھلاڑی عمران پٹیل بھارت کے شہر پونے میں کرکٹ کھیلنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو گارویئر اسٹیڈیم میں اس وقت پیش آیا جب 35 سالہ عمران پٹیل بیٹنگ کے لیے گئے تو تھوڑی دیر میدان میں رہنے کے بعد انہیں اپنے سینے اور بازو میں درد محسوس ہونے لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عمران نے امپائر کو بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس پر امپائر نے انہیں کھیل چھوڑ کر میدان سے باہر جانے کی اجازت دی تاہم جب وہ میدان واپس جا رہے تھے تو وہ اچانک نیچے گر گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سارا معاملہ لائیو کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا کیونکہ میچ کی لائیو اسٹریمنگ جاری تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب عمران پٹیل زمین پر گر گئے تو اس کے ساتھی اس کی مدد کے لیے پہنچ گئے اور اسے فوری طور پر اسپتال لے گئے لیکن ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ انتقال کر چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران کے ایک ساتھی ناصر خان نے بتایا کہ عمران درحقیقت بالکل ٹھیک ٹھاک تھے اور انہیں کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں تھی۔ ان کی اچانک موت کی وجہ سے پوری ٹیم صدمے میں ہے۔