اسلام آباد:
نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
علاوہ ازیں حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ چائے پی
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی حلف برداری کی تقریب کے بعد صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ گئے اوراکٹھے چائے پی ۔ بعد ازاں چیف جسٹس مہمانوں کے درمیان آگئے اور وہاں موجود لوگوں سے ملے، مہمانوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والدصاحب ایک عظیم آدمی تھے، میں ان کے برابر نہیں ہوں۔
تقریبِ حلف برداری میں تین سابق چیف جسٹسز کی شرکت
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں 3سابق چیف جسٹسز افتخار محمد چوہدری ،تصدق حسین جیلانی اورعمر عطابندیال نے بھی شرکت کی۔ عمرعطا بندیال جب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملے تو انہوں نے ان کوخوش آمدید کہا۔ عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمیں تواپنے ادارے کااحترام اوروقار چاہیے۔
ایکسپریس نیوز کی جانب سے تینوں سابق چیف جسٹسز سے سوال کیا گیا کہ آپ کیسا محسوس کررہے ہیں، جس پر تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ ہم آپ کو سنیں گے اورتقریب دیکھیں گے۔ افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ بالکل ہم تو آج بھی اسی ادارے میں ہیں اوربہت اچھا محسوس کررہاہوں۔ عمر عطا بندیال سوال پر مسکرائے اور کوئی بات نہیں کی۔
سپریم کورٹ میں گارڈ آف آنر
بعد ازاں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم کورٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چیمبر سنبھال لیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں جسٹس یحییٰ آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا چیف جسٹس بننا انتہائی عزت اور اعزاز کی بات ہے۔ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔ عدل و انصاف کا نظام بہتر ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ملک ترقی کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد
وزیراعلیٰ سندھ نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔