سعودی عرب سمیت متعدد ممالک کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت

ایران پر حملہ ملکی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سعودی وزارت خارجہ

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور عمان سمیت متعدد ممالک نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کردی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ ملکی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

سعودی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تنازعات ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ سعودیہ نے بیان میں کہا کہ ایران کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارت نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، علاقائی سلامتی اور استحکام پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ملائیشین وزارت خارجہ نے بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوئی اور علاقائی استحکام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

عمانی وزارت خارجہ نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملے کو ایران کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

Load Next Story