لانڈھی میں غیرت کے نام پر بھائی نے بہن اور اسکے عاشق کو قتل کردیا

نائلہ اور عظیم محبت میں گرفتارتھے، نائلہ کے والدین نے اسکی کسی اور سے شادی کردی


Staff Reporter July 21, 2014
مصور خان نے دہرے قتل کے بعد تھانے پہنچ کر گرفتاری دیدی، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ فوٹو: فائل

لانڈھی معین آباد میں غیرت کے نام پر بھائی نے بہن اور اس کے عاشق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اورخود کو آلہ قتل (پستول) سمیت پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی داؤد چورنگی معین آباد ایک نمبر کرسچن پاڑہ میں ملزم مصور خان نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے اپنی بہن 24 سالہ نائیلہ زوجہ اقبال اور اس کے عاشق 32 سالہ عظیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور آلہ قتل (پستول) سمیت تھانے پہنچ کر گرفتاری پیش کردی، پولیس نے ملزم مصور خان کو گرفتار کرکے آلہ قتل اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ عرفان میئو نے بتایا کہ نائلہ اور عظیم خان ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے تاہم ایک ماہ قبل نائلہ کے والدین نے اس کی کسی اور سے شادی کردی تھی، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عظیم خان نائیلہ سے ملنے کے لیے اس کے گھر آیا تھا کہ کہ اس کے بھائی مصور کو پتہ چل گیا، مصور نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ گھر میں گھسا تو نائلہ اور عظیم خان ایک دوسرے کے بہت قریب کھڑے ہوکر باتیں کررہے تھے کہ اس نے اپنے پستول سے پہلے عظیم خان کو پھر نائلہ کو گولیاں مار دیں، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔