عدالتوں سے توقع نہیں، عمران خان کیلئے جو کرنا ہے خود کریں گے، شیرافضل مروت

کے پی میں وزرا پر کرپشن کے الزامات لگ رہے ہیں، ہمارے لوگ حکومت پر ناقص کارکردگی کا الزام لگا رہے ہیں، رہنما پی ٹی آئی


یاسر علی October 26, 2024

PESHAWAR:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں اور انتظامیہ سے ہمیں کوئی توقع ںہیں، اب جو کرنا ہے خود کریں گے۔

پشاور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ٹھوس حکمت عملی بنانے کے لیے پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ کا جرگہ منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت اور دیگر نے شرکت کی۔

شیرافضل مروت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں ظلم کا نظام ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین آپس میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، ہم ایک دوسرے کو آگے بڑھنے سے روک رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہم نے جو حکومت بنائی ہے کارکنان اور لوگ ان کے خلاف باتیں کررہے ہیں، وزرا پر کرپشن کے الزامات لگ رہے ہیں، ہمارے اپنے لوگ اس حکومت پر ناقص کارکردگی کا الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بانی چئیرمین کو بتاؤں گا کہ جن پولیس اہلکاروں نے ہماری پارٹی پر ظلم کیا اور میں لوگوں کو بڑے فخر سے بتایا کرتا تھا کہ ان پولیس افسران کو ہم ہتھکڑیاں لگا کر جیل میں ڈالیں گے لیکن ان پولیس اہلکاروں کو خیبر پختونخوا حکومت نے انعامات اور ایوارڈز دیے ہیں۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ ہم نے خان کو اکیلا چھوڑ دیا ہے کیونکہ ہم آپس میں لگے ہوئے ہیں، خان کی رہائی کےلیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کر رہا، میں ایسے احتجاج کا حصہ نہیں بنوں گا جو لولا لنگڑا ہو، پاکستانیو! ہم سب کو اپنے حقوق کےلیے نکلنا ہوگا، ظلم کے اس نظام کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اب فری خان دو مہم شروع کریں گے، عدالتوں اور انتظامیہ سے ہمیں کوئی توقع ںہیں، اب جو کرنا ہے خود کریں گے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر لوگ میرے ساتھ نکلے تو کسی عدالت کی کوئی ضرورت نہیں ہے، 25 کروڑ عوام میں اگر 25 لاکھ لوگ بھی ساتھ نکلیں تو ظلم کی زنجیروں کو توڑ دیں گے اور اس نظام کو بدل کر رکھ دیں گے۔

شیرافضل مروت نے اعلان کیا کہ اب مہم شروع کریں گے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں