کراچی؛ چھالیہ اسمگلروں نے پولیس انسپکٹر کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد چھوڑ دیا

ایک کروڑ مالیت کا برآمد شدہ چھالیہ اور دیگر سامان تین مزدہ ٹرکوں میں لوڈ کر کے اسٹیل ٹاؤن تھانے منتقل کر دیا گیا

کراچی:

چھالیہ کے اسمگلروں نے اسٹیل ٹاؤن تھانے کے پولیس انسپکٹر کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حب چوکی کے قریب چھوڑ دیا۔ پولیس انسپکٹر کے چھوڑے جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے چھالیہ کے گودام پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں چھالہ ، انڈین گٹکا ، سیگریٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے ولی ٹاؤن میں چھالیہ کے اسمگلروں نے پولیس انسپکٹر کو اغوا کر لیا ، اغوا کاروں نے مغوی انسپکٹر کو چند گھنٹے بعد ہی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حب چوکی کے قریب چھوڑ دیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مغوی انسپکٹر حبیب اللہ شاہانی چھالیے کے گودام میں اسمگلروں سے بات چیت کے سلسلے میں گئے تھے جہاں ان میں کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی تھی، اسٹیل تاؤن پولیس نے انسپکٹر حبیب اللہ شاہانی کے چھوڑے جانے کی اطلاع ملتے ہی والی ٹاؤن میں آئل ایریا پارکنگ کے قریب گودام پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ گودام سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ چھالیہ ، ایڈین گٹکا ، سگریٹ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

برآمد کیا جانے والا سامان تین مزدہ ٹرکوں میں لوڈ کر کے اسٹیل ٹاؤن تھانے منتقل کر دیا گیا، برآمد کی جانے والی چھالیہ ، سگریٹس اور دیگر سامان ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق بظاہر باہر سے روڑی کا دکھنے والا تھلہ حقیقت میں اسمگل شدہ چھالیہ کا گودام تھا جو یہاں کے ایک مقامی شخص نے عرصہ دراز سے فائم کیا ہوا تھا، اس گودام سے پورے شہر کو چھالیہ سپلائی کی جا رہی تھی۔

حراست میں لیے گئے دونوں ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں تاکہ ان کے دیگر ساتھوں کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔

Load Next Story