امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کو ملک بدر کردیا گیا

بھارتی شہریوں کو چارٹرپرواز کے ذریعے امریکا سے بھارت منتقل کردیا گیا، ہوم لینڈ سیکیورٹی

WASHINGTON:

امریکا کے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کو چارٹر پروازوں کے ذریعے ملک بدر کردیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے غیرقانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کو بھارتی حکمت کے تعاون کے ساتھ واپس بھیج دیا گیا ہے۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی ڈپٹی سیکریٹری کرسٹی اے کینیگالو نے کہا کہ غیرمقیم شہریوں کو لے کر چارٹر پرواز 22 اکتوبر کو روانہ کردی گئی تھی اور کہا کہ ان بھارتی شہریوں کو ملک بدر کردیا گیا ہے جو بغیر کسی قانونی دستاویز کے رہائش پذیر تھے اور انہیں فوری طور پر بھیجا جانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت ایسے لوگوں کو فوری طور پر واپس بھیجتی ہے جو اسمگلرز کے ذمرے میں نہیں آتے کیونکہ وہ دوسری صورت میں مفرور گردانے جاتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی امریکی امیگریشن قوانین کے نفاذ پر عمل درآمد جاری رکھے گی اور ان لوگوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جو غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہوتے ہیں جبکہ قانونی راستوں سے آنے والوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2024 میں نافذ ہونے والے قانون کے بعد امریکا کی سرحدوں سے غیرقانونی مداخلت میں 55 فیصد کمی آگئی ہے۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا کہ مالی سال 2024 کے دوران محکمے نے 145 سے زائد ملکوں کے 495 سے زائد بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ محکمہ اس حوالے سے غیرملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے رکھتا ہے تاکہ ان کے شہریوں کی واپسی ممکن ہو کیونکہ وہ غیرقانونی طور پر مقیم ہوتے ہیں۔

امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے گزشتہ ایک برس کے دوران کولمبیا، ایکواڈور، پیرو، مصر، موریطانیہ، سینیگال، ازبکستان، چین اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو ملک بدر کردیا ہے۔

Load Next Story