ملیر جیل سے فرار ہونے والا ملزم پنجاب سے گرفتار
شاہ لطیف انویسٹی گیشن پولیس نے پنجاب کے علاقے میں کارروائی کرکے ملیر جیل سے چند روز قبل فرار ہونے والے قیدری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جو جیل کی دیوار پھلانگتے ہوئے ٹانگ ٹوٹنے سے زخمی ہوئے تھے۔
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کے تھانے کی انویسٹی گیشن پولیس پارٹی نے جمعے کو پنجاب کے علاقے ڈی جی خان میں کارروائی کرتے ہوئے مفرور قیدی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے انویسٹی گیشن انچارج انسپکٹر ذاکر اللہ نے بتایا کہ شاہ لطیف تھانے کے ایس آئی او سمیت 4 اہلکاروں کی ٹیم خفیہ اطلاع پر پنجاب گئی تھی جہاں پنجاب پولیس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کی اطلاع انہیں مل گئی ہے تاہم جب تک ملزم کراچی نہیں پہنچ جاتا وہ تفصیلات بتانے نے قاصر ہیں۔
واضح رہے کہ گرفتار قیدی کو دو سال قبل سائٹ سپرہائی وے پولیس نے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا، ملزم 20 اکتوبر کو ملیر جیل کے سرکل نمبر ایک بیرک نمبر 5 کے باتھ روم کی کھڑکی کاٹ کر جیل کی دیوار پھلانگ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
اعلیٰ افسران کے حکم پر جیل میں تعینات اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، ڈیوٹی آفیسر سمیت 8 پولیس اہلکاروں کےخلاف شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں غفلت اور لاپرواہی برتنے کی دفعات کے تحت مقدمہ الزام نمبر24/1350 درج کر کے 7 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مقدمہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل ذوالفقار علی پیرزادہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔