کراچی؛ خاتون اور 2کمسن بچوں پر حملہ کرنے والا ملزم گرفتار

گرفتار ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اور زخمی خاتون کو پسند کرتا تھا

(فوٹو: فائل)

کراچی:

اورنگی ٹاؤن پولیس نے خاتون اور اس کے 2 کمسن بچوں پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اور زخمی خاتون کو پسند کرتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق 23 اکتوبر کو اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے سیکٹر 8میں ملزم نے رمشاء نامی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی اور مزاحمت پر خاتون کو بلیڈ سے زخمی کر دیا تھا جبکہ اس کے 2 بچوں 10 سالہ سبحان اور 3 سالہ علیزہ کو استری اور بیٹری مار کر شدید زخمی کر دیا تھا اور فرار ہوگیا۔

خاتون اور زخمی بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 10 سالہ سبحان دوران علاج دم توڑ گیا تھا، پولیس نے زخمی خاتون کے شوہر شاہ رخ کی مدعیت میں ملزم سمیر کے خلاف نامزد مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی تھی۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن پولیس نے تیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم سمیر کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن ارشد علی کے مطابق گرفتار ملزم متاثرہ خاتون کے شوہر کا کزن ہے جو آئس کا نشہ بھی کرتا ہے، گرفتار ملزم زخمی کا خاتون کو پسند کرتا تھا اور منصوبہ بندی کے تحت خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور مزاحمت کے دوران خاتون کو زخمی کیا جبکہ بچے ملزم کو پہچانتے تھے اس لیے ملزم نے بچوں کو بھی استری اور بیٹری کے وار کرکے زخمی کیا تاکہ بچے اسے پہچان نہ سکیں۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف خواجہ اجمیر نگری اور فیروز آباد پولیس کے تھانوں میں ڈکیتی، منشیات اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات درج ہیں جن میں ملزم گرفتار ہوکر جیل بھی چکا ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ واردات میں استعمال کیا جانے والا آلہ قتل، استری اور بیٹری برآمد کر لی گئی ہے، گرفتار ملزم سمیر نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔

ملزم نے بتایا کہ اس نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بلیڈ کے وار کرکے خاتون کو زخمی کیا اور اس کے بعد بچوں پر حملہ کیا۔ ملزم نے بتایا کہ حملے کے بعد وہ بچوں کے ہاتھ میں موجود موبائل فون اور طوطے کا پنجرہ بھی لیکر فرار ہوا تھا۔

Load Next Story