کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایئرپورٹس پر بینرز آویزاں

بھارتی مظالم کو بے نقاب اور کشمیریوں کی جدوجہد اجاگر کرنے والے نغمے، ویڈیوزاوردستاویزی فلمیں دکھائی گئیں، ترجمان

کراچی:

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے کشمیریوں سے یکجہتی اور یوم سیاہ سے متعلق ملکی ہوائی اڈوں پر بینرز اور اسٹینڈ آویزاں کردیے ۔

ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق 27 اکتوبر کو پاکستان بھر میں کشمیریوں کی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کی حمایت میں یوم سیاہ منایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے ائیرپورٹس میں لاؤنجز اور باہر کے احاطے سمیت ایئرپورٹس کی طرف جانے والی سڑکوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والے بینرز اور اسٹینڈ آویزاں کیے گئے، ایئرپورٹس پر پہنچنے والے مسافروں میں آگاہی کے لیے پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر ٹھیک 9 بجے کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے اعتراف میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کی اسکرینوں پر بھارتی بربریت و مظالم کو بے نقاب اور کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگر کرنے والے نغمے، ویڈیوز اور دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف قومی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد سے متعلق آگاہی کو فروغ دیتا ہے بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت بھی کرتا ہے اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کے بے لوث تعاون کی توثیق کرتا ہے۔

Load Next Story