پاکستان سے پہلا زمینی قافلہ فلسطین اور لبنان کیلئے امدادی سامان لیکر روانہ

کراچی سے بھی بذریعہ ہوائی جہاز بھی امدادی سامان کی ایک اور کھیپ بھیجی گئی


ویب ڈیسک October 27, 2024

اسلام آباد:

فلسطین اور لبنان کیلئے امدادی سامان کا پہلا زمینی قافلہ پاکستان سے روانہ ہوگیا۔ 

فلسطین اور لبنان کی عوام کے لیے این ایل سی کا انسانی امداد کا پہلا زمینی قافلہ آج اسلام آباد سے روانہ ہوا، این ایل سی کے دو قافلے 100 ٹن گرم خیمے اور کمبل لے کر اسلام آباد سے اردن روانہ ہوئے۔

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے این ایل سی کے تعاون سے فلسطین اور لبنان کے متاثرین کے لیے امداد کا سلسلہ بڑھا دیا ہے، اب تک مجموعی طور پر 1,598 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرین تک پہنچایا جاچکا ہے۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والی الوداعی تقریب میں ایم این اے ملک ابرار اور ایم این اے راجہ قمر الاسلام کے علاوہ فلسطین کے سفیر زہیر ایم ایچ درزید اور لبنان کے سفیر غسان خطیب نے بھی شرکت کی۔

فلسطین اور لبنان کے سفیروں نے پاکستان کی بے لوث انسانی امداد پر حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اتوار کو امداد کی 14ویں کھیپ کراچی سے لبنان روانہ کی گئی، امدای اشیاء این ڈی ایم اے کی طرف سے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی۔

 اس امدادی کھیپ میں تقریباً 17 ٹن سامان جس میں خیمے، کھانے کے ٹن، خشک دودھ، کپڑے اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں، یہ امداد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیروت لبنان کے لیے پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ رخصتی کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور جناب قیصر شاہ اور این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس سے قبل حکومت پاکستان نے غزہ فلسطین کے لیے 13 امدادی کھیپیں بھیجی ہیں،اور یہ لبنان کے لیے تیسری کھیپ ہے جس کا کل حجم 1,398 ٹن ہے۔

حکومت پاکستان لبنان اور فلسطین کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، وزیر اعظم کی ہدایات پر، غزہ اور لبنان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے عوام سے عطیات جمع کرنے کے لیے "وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان" کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں