لاہور؛ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کیخلاف ایکشن، 7 معروف فوڈ پوائنٹ سیل، مقدمہ درج

گرینڈ آپریشن کے دوران 1875 لٹر ملاوٹی دودھ، 400کلو مردہ مضر صحت گوشت، بھاری مقدار میں ایکسپائر اشیا تلف کردی گٸیں

لاہور:

ملاوٹ مافیا کو نکیل ڈالنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر لاہور ڈویژن میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں1943فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 29لاکھ 31ہزار کے جرمانے عائد کرتے ہوٸے سنگین خلاف ورزی پر 7معروف فوڈ پوائنٹس کو سیل کر کے 1مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

جاری تفصیلات کے مطابق علی الصبح داخلی راستوں کی سخت ناکہ بندیاں کرتے ہوٸے7لاکھ 52ہزار لٹر دودھ، 48ہزار کلو مرغیوں کا معائنہ کیا گیا  جبکہ 1875 لٹر ملاوٹی دودھ، 400کلو مردہ مضر صحت گوشت، بھاری مقدار میں ایکسپائر اشیا تلف کردی گٸیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر ملاوٹی دودھ تلف اور ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، فریزر کی ناقص حالت، ڈیری اور گوشت، ایکسپائر اور فریش اشیا اکٹھی رکھی پائی گئیں، کچن ایریا میں مچھروں مکھیوں کی بھرمار، ملازمین کے میڈیکل عدم موجود پائے گئے، تیار اشیا ٹوٹے فرش پر موجود، پیکنگ کے لیے غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جارہا تھا، تلف کیے گئے ملاوٹی دودھ اور گوشت کو سٹی ایریا اور مضافات میں سپلائی کیا جانا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے باسیوں تک محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ پنجاب بھر میں خوراک کا  کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے جبکہ شہری شکایات کی صورت میں 1223 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

Load Next Story