چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا ازبکستان کے انتخابات میں بطور مبصر شریک
چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا بطور خصوصی مبصر ازبکستان میں موجود ہیں جہاں انتخابات ہو رہے ہیں اور انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور اپنے ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ازبکستان میں جاری پارلیمانی انتخابات کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ خصوصی مبصر کے طور پر موجود ہیں اور انتخابی عمل کے مشاہدے کے دوران ازبکستان کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین نظام خواجہ یف زین الدین مخماتوویچ سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انتخابی تجربات کے تبادلے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے تاشقند میں قائم مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتخابی عمل کا براہ راست مشاہدہ کیا اور ووٹرز کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور پولنگ عملے کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔
سکندر سلطان راجا نے ازبکستان کی نامور تعلیمی درس گاہ تاشقند یونیورسٹی آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشنز کا خصوصی دورہ بھی کیا، اس موقع پر انہیں جدید تعلیمی سہولیات اور میڈیا لیبز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ روز ازبکستان الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اہم بریفنگ میں بھی شرکت کی، جس میں دنیا بھر سے تشریف لائے ہوئے مختلف ممالک کے الیکشن کمیشنز کے چیئرمین موجود تھے۔
دنیا بھر سے آئے ہوئے مبصرین کو اس بریفنگ میں ازبکستان کے انتخابی نظام، قانونی فریم ورک اور انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔