کراچی سے آسٹریلیا جانے والے پارسل میں 20 کتابوں میں جذب 14 کلو سے زائد آئس برآمد

مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 94 کلومنشیات برآمد کیں، اے این ایف


ویب ڈیسک October 28, 2024

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں کورئیرآفس سے آسٹریلیا جانے والے پارسل سے 20 کتابوں میں جذب 14 کلو 500 گرام آئس برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں اور مختف مقامات پر آپریشن کے دوران 17 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 94 کلو سے منشیات برآمد کرلی گئیں۔

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں یونیورسٹی کے قریب سے 6 کلو چرس برآمد کرکے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں جاپان روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 300 گرام آئس اور 25 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ راولپنڈی میں لالہ زار روڈ پر یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔

دوسری جانب کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے20 عدد کتابوں میں جذب شدہ 14 کلو 500 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 900 گرام آئس برآمد ہوئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر دوسری کاروائی میں ملیشیا جانے والے مسافر سے 2 کلو ہیروئن اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر دمام جانے والے مسافر سے 706 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب گاڑی سے 48 کلو چرس اور 14 کلو 400 گرام افیون برآمد ہوئی۔ موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب دوسری کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی سے 2 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب 2 کاروائیوں میں 2 ملزمان سے 1 کلو ہیروئن اور 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ایم ون اسلام آباد کے قریب 3 کاروائیوں میں 2 خواتین سمیت ملزمان کے قبضے سے 10 کلو 800 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ جی ٹی روڈ ملتان پر دو ملزمان سے 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں