بشریٰ بی بی ، عمران خان درخواست ضمانت کی سماعت؛ بشریٰ بی بی کا حاضری سے استثنیٰ منظور
اسلام آباد کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت کی درخواست پر بشریٰ بی بی کا حاضری سے استثنیٰ منظور کرلیا۔
اسلام آباد کی سٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ ضمانت کی درخواستوں پر ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد بیمار ہیں۔ آئندہ سماعت پر دلائل دوں گا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو پابند کریں کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی۔