فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں پی جی اے کے 45 ویں سالانہ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ فلسطین کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ فلسطین میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے سے دنیا اس وقت تنازعات کا شکار ہے۔ یہ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بھارت کا جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ گزشتہ 77 سالوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں 100,000 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیں آواز اٹھانی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا ضروری ہے۔ امن اور انصاف قائم کرنے کے لیے سیاست دانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انصاف کے دوہرے معیار سے امن قائم نہیں ہو سکتا۔ عالمی انصاف کی یکساں فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔پاکستان نے عالمی امن کے فروغ کے لئے بے مثال قربانیاں دیں ہیں۔