وزیراعظم رواں ہفتے قطر اور سعودیہ کا دورہ کرینگے، محمد بن سلمان سے اہم معاملات پر بات چیت کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف ریاض انویسٹ فورم میں شرکت کے بعد قطر بھی جائیں گے


ویب ڈیسک October 28, 2024
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے سعودی عرب اور قطر کا دورہ کریں گے، سعودیہ میں ان کا ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم معاملات پر بات چیت کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی دارالحکومت ریاض کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ ’’ریاض انویسٹمنٹ فورم 2024ء‘‘ میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے۔ شہباز شریف کے دورۂ دوحہ میں پاک قطر تعلقات پر بات چیت ہوگی۔

وزیراعظم کوپ 29 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ شہباز شریف 11نومبر کو آذربائیجان میں ہونے والی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
 
وہ 29 سے 30 اکتوبر تک ریاض میں ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (FII) کے 8ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء بھی شامل ہوں گے۔
 
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو  مختلف ممالک کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، کانفرنس میں  شریک ممالک  اپنی معاشی طاقت کا مظاہرہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب، اور پائیدار مستقبل کے لیے مکالمہ کر سکتے ہیں، اس سال FII کا موضوع "لا محدود افق: آج سرمایہ کاری، کل کی تشکیل" ہے، کانفرنس  میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، خلا، مالیات، صحت اور پائیداری جیسے اہم عالمی مسائل پر سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
 
وزیراعظم کا محمد بن سلمان سے اہم معاملات پر مذاکرات کرنے کا امکان
 
دریں اثنا وزیراعظم کا سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور دیگر سعودی اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ مذاکرات کرنے کا امکان ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی اور اسٹریٹیجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دورے کے دوران معاشی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
 
مزید برآں وزیراعظم FII کے 8ویں ایڈیشن کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں