اسرائیلی افواج کی فلسطینیوں کی نسل کشی پر بھارتی اداکارہ غصے سے پھٹ پڑیں

لوگ اس ظلم کے بارے میں آگاہی پھیلائیں اور مزید تحقیق کر کے ان تنظیموں کی مدد کریں، اداکارہ


ویب ڈیسک October 28, 2024

بالی ووڈ اداکارہ کالکی کوچلن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ 

اداکارہ نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا، "ہزاروں افراد بھوک، بیماری اور طبی امداد کی عدم دستیابی کے ساتھ مستقل بمباری کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسرائیل نے انھیں دنیا سے کاٹ دیا ہے۔" کالکی نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو جنگ بند کرنے اور معصوم شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اپنے پیغام میں کالکی نے اسرائیلی حکومت کی پالیسی کو "نسلی صفایا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات صرف فلسطینی اور اسرائیلی دونوں نسلوں کے لیے مستقبل کی بربادی کا پیغام دے رہے ہیں۔ 

کالکی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ظلم کے بارے میں آگاہی پھیلائیں اور مزید تحقیق کر کے ان تنظیموں کی مدد کریں جو اس خطے میں انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے کام کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سوشل میڈیا پر موجود جذباتی سیاسی بحثوں سے تنگ آ چکی ہیں اور حقیقت میں دنیا میں تبدیلی چاہتی ہیں۔ ان کا پیغام یہ تھا کہ لوگ اپنی انسانیت کو سوشل میڈیا سے باہر تلاش کریں اور حقیقی دنیا میں انسانی ہمدردی کو فروغ دیں۔

دوسری طرف بالی ووڈ سے دیگر شخصیات نے بھی فلسطینی عوام کے حق میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا، "تمام بچوں کو محبت، امن اور زندگی کا حق حاصل ہے۔" جب کہ کرینہ کپور خان نے بھی یونیسف کے ایک پیغام کو شیئر کرتے ہوئے بچوں کی ہلاکت کو "غیر انسانی" قرار دیا۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔