FAISLABAD:
پنجاب کے علاقے فیصل آباد میں عیسائی لڑکی ذاکر نائیک سے کلمہ پڑھ کر مشرف بااسلام ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں فیصل آباد میں ہے جہاں عوامی لیکچر کے دوران ایک عیسائی لڑکی نے بھرے مجمع میں مسلمان ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مسیحی لڑکی جب مائیک پر آئی تو ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اُس کا نام پوچھا جس پر اُس نے ثمرین نام بتایا۔ اس کے بعد مبلغ نے سوال پوچھا کہ لڑکی حضرت عیسیٰ کو اللہ کا پیغمبر مانتی ہیں یا خدا کا بیٹا مانتی ہیں۔
لڑکی نے جواب دیا کہ وہ حضرت عیسیٰؑ کو اللہ کا پیغمبر مانتی ہیں، پھر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے لڑکی سے استفسار کیا کہ کیا وہ حضرت محمد ﷺ کو اللہ کا آخری پیغمبر مانتی ہیں؟ جس پر لڑکی نے ہاں کہا۔
پھر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سوال کیا کہ آپ پر اسلام قبول کرنے کیلیے کوئی دباؤ؟ کوئی زبردستی ہے؟ آپ اپنی مرضی ، خوشی سے مکمل ہوش و حواس میں مسلمان ہورہی ہیں؟۔ جس پر لڑکی نے کہا کہ وہ بغیر کسی زور زبردستی اپنی مرضی اور خوشی سے مکمل ہوش و حواس میں مسلمان ہورہی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے لڑکی سے اسلام کی طرف رغبت اور مسلمان ہونے کی وجہ پوچھی تو ثمرین نے بتایا کہ اُس کے ارد گرد مسلمان رہتے ہیں جنہیں دیکھ کر وہ اسلام سے متاثر ہوئی اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خواہش مند تھی۔
اس کے بعد ڈاکٹرز ذاکر نائیک نے لڑکی کو کلمہ پڑھایا جس پر پنڈال اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھا۔