کپتان سے غیر سنجیدہ گفتگو! رمیز کا ردعمل سامنے آگیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجا کا ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود سے متعلق غیر سنجیدہ گفتگو پر ردعمل سامنے آگیا۔
سابق کرکٹر و کمنٹیٹر نے اپنے وی لاگ میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا مطلب شان مسعود کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا، کھلاڑیوں سے سوال کرنا میرا حق ہے، پاکستان کی کامیابی سے سب کو عزت ملےگی۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کسی نے مکمل انٹرویو نہیں دیکھا تو میں بات نہیں کروں گا، میرا سوال تھا کہ 6 میچز ہارنےکے بعد افراتفری تھی، میں نے شان مسعود سے پوچھا کہ شکست کے بعد کیسے صبر وتحمل پیدا کیا؟ شان مسعود میرے بیٹے کی عمر کے ہیں، ان سے بیٹنگ سے متعلق بات ہوتی رہتی تھی۔
مزید پڑھیں: رمیز راجا نے شان مسعود کو تنقید کا نشانہ بناڈالا
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ شان مسعود کا لیگ کی طرف شاٹ کھیلتے ہوئے مسئلہ ہے جس پر سوال کیا، ایک جیت کے بعد ہم بھول جاتے ہیں کہ بہت منزلیں طے کرنی ہیں، پاکستان 6 ٹیسٹ میچ ہارا تو میں نے نہیں کہا کہ شان مسعودکو ہٹا دیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی باتوں پر دھیان نہیں دیتا، مجھ پر دباؤ رکھنے کیلئے سیاست کی جاتی ہے، جو لوگ کرکٹ نہیں کھیلے وہ کرکٹ پر بات کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے پاکستان کرکٹ زندہ ہی سوشل میڈیا پر ہے۔
مزید پڑھیں: مسلسل 6 ہاریں کیسے سنبھال لیں؟ رمیز نے شان مسعود کا مذاق بناڈالا
قبل ازیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے والے کپتان شان مسعود کو تنقید کا نشانہ بنانے پر کمنٹیٹر رمیز راجا کو خوب ٹرول کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ؛ رمیز نے دوران کمنٹری بھارتی ٹیم کی کھنچائی کردی
راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد پریزینٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے طنزیہ انداز میں شان مسعود کے مسلسل 6 ٹیسٹ میچز ہارنے کے ریکارڈ پر سوال اٹھایا کہ آپ نے اتنی غیر معمولی کارکردگی کیسے دکھائی؟۔