امریکا میں بیلٹ باکسز میں پُراسرار آتشزدگی؛ سیکڑوں ووٹ جل گئے
واشنگٹن اور وینکوور میں قبل از پولنگ ڈے ہونے والی ووٹنگ کے دوران بیلٹ باکس میں آتشزدگی سے سیکڑوں ووٹ جل کر خاکستر ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں شہروں میں بیلٹ ڈراپ باکسز پر نامعلوم افراد نے آتش گیر مادہ پھینک کر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت آگ لگائی گئی۔
حیران کن طور بیلٹ باکسز میں لگے آگ بجھانے کے خود کار نظام نے بھی کام نہیں کیا۔ اس سے قبل ایک بیلٹ باکس میں لگنے والی آگ کو خودکار نظام نے بجھا دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں مماثلت سے لگتا ہے کہ ایک ہی گروہ اس میں شامل تھا تاہم تحقیقات کے بعد حتمی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب حکام نے ضائع ہونے والے ووٹس کے پیش نظر شہریوں کو نئے بیلٹ پیپر حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس غیر جمہوری عمل کے پیچھے جو بھی عناصر ملوث ہیں انھیں بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو ہوں گے تاہم بیمار اور بزرگ ووٹرز کو رش اور قطار کی زحمت سے بچانے کے لیے قبل از پولنگ ڈے کی سہولت دی گئی ہے۔
پولنگ ڈے سے قبل ہی ’ارلی ووٹنگ‘ کا عمل پہلی بار کورونا وبا کے دنوں میں آزمایا گیا تھا اور اس کامیاب تجربے کے بعد آئندہ بھی اس سہولت کو بزرگ اور بیمار ووٹرز کے لیے مختص کردیا گیا۔