روس کے دفاعی وفد کی ایئر چیف سے ملاقات، فوجی مشقوں اور جنگی آلات کی تیاری پر بات چیت
روسی فیڈریشن کے ڈپٹی وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس سے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون اور صنعتی شراکت کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی ار کے مطابق ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں اور پی اے ایف کے آلات کے لیے تکنیکی معاونت کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
ایئر چیف نے روس کے ساتھ عسکری تعلقات کو مضبوط کرنے پر زور دیا اور مشترکہ تربیتی پروگرامز، فوجی مشقوں اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کی۔
کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے موجودہ قیادت کے تحت پاکستان ایئر فورس میں حالیہ نمایاں ترقی کو سراہا۔ روسی ڈپٹی وزیر دفاع نے پاکستان کے ساتھ موجودہ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے عسکری تعاون اور پی اے ایف کے آلات کے لیے تکنیکی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔