کے الیکٹرک کی کنڈا مافیا کیخلاف کارروائیاں، صدر اور جوہر میں 18 سو سے زائد کنڈے ہٹا دیے گئے

گلستان جوہر میں 500 غیرقانونی کنڈوں سے ماہانہ 1.1 ملین یونٹس بجلی چوری کی جارہی تھی


اسٹاف رپورٹر October 29, 2024

کراچی:

کے الیکٹرک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے صدر اور گلستان جوہر میں بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف کارروائیاں کیں۔ صدر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پاور یوٹیلیٹی نے 1135 کلوگرام کے 1325 غیرقانونی کنکشنز (کنڈوں) کو کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے ہٹایا گیا جن سے ماہانہ 3 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی چوری کی جارہی تھی، کارروائی کے دوران بجلی چوری کے 262 کیسز کی نشاندہی ہوئی جبکہ 505 نادہندگان کے کنکشنز منقطع کر دیے گئے۔

 گلستان جوہر میں کارروائی کے دوران 2000 کلوگرام کے 500 غیرقانونی کنڈوں کو پاور یوٹیلیٹی کے انفرا اسٹرکچر سے ہٹایا گیا جن سے ماہانہ 1.1 ملین یونٹس بجلی چوری کی جارہی تھی۔

شہر میں بڑھتی ہوئی بجلی کی چوری ایک بڑا چیلنج ہے۔ بجلی کی چوری کے لیے استعمال ہونے والے کنڈے نیٹ ورک کے حفاظتی پروٹوکول کو نظرانداز کرکے لگائے جاتے ہیں۔ غیرقانونی کنکشنز سے کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر اور شہریوں کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ پاور یوٹیلیٹی نقصانات میں کمی اور بجلی کے انفرا اسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مہم چلاتی ہے۔

بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی دو اہم عوامل ہیں، جو کسی علاقے کے نقصان کے پروفائل کا تعین کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جبکہ باقی علاقوں میں نقصانات کو کم کرنے کے لیے پاور یوٹیلیٹی کوشاں ہے تاکہ قابل اعتماد اور محفوظ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

کمپنی کی صارفین علاقے کے منتخب نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کی عادت کو فروغ دیں اور بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کریں۔ ایسے اقدامات شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔