پاکستان اور ترکیہ مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں، نائب وزیراعظم

ترکیہ کے 101 ویں یوم جمہوریہ اور قومی دن کے موقع پرترکیہ کے سفارت خانے کے زیر اہتمام عشائیہ کا اہتمام کیا گیا


ویب ڈیسک October 29, 2024

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر درپیش چلینجز کا مقابلہ اور ایک روشن صبح کی طرف پیش قدمی کر سکتے ہیں، دونوں ملک یک قالب دو جان ہیں۔

اسلام آباد میں ترکیہ کے 101 ویں یوم جمہوریہ اور قومی دن کے موقع پر ترکیہ کے سفارت خانے کے زیر اہتمام عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جہاں نائب وزیراعظم اسحاق  ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے کے بعد ترک صدر رجپ طیب اردوان کا خصوصی ویڈیو پیغام چلایا گیا۔

ترکیہ کے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی اسحاق ڈار نے کہا کہ ترکیہ میں حال ہی میں دہشت گردی کے افسوس ناک واقعہ پر ترکیہ قیادت کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، تباہ کن سیلابوں اور کورونا میں ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی، دونوں ممالک مل کر درپیش چلینجز کا مقابلہ اور ایک روشن صبح کی طرف پیش قدمی کر سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے عالمی فورمز پر آواز بلند کی، ترکیہ غزہ اور بیروت میں اسرائیلی دہشت گرد کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔

پاکستان میں ترکیہ کے نئے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروگلو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دونوں قوموں میں اختلافات کی نسبت بہت سے مشترکات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بھائی چارہ دن بدن مضبوط ہو رہا ہے، دہشت گرد حملے کی مزمت اور تعزیتی بیانات پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 ڈاکٹر عرفان نیزیروگلو نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان دو جان ایک قالب ہیں، تقریب میں متعدد سیاسی سفارتی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر  کیک بھی کاٹا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔