انڈین سینسر بورڈ نے اجے دیوگن کی "سنگھم اگین" سے 7 منٹ کی فوٹیج حذف کردی
انڈیا کے مرکزی فلم سینسر بورڈ (CBFC) نے سنگھم اگین کو یو/اے سرٹیفکیٹ کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ تاہم، فلم میں تقریباً 7 منٹ اور 12 سیکنڈ کے مواد پر تبدیلیاں اور کٹوتی کی گئی ہے۔
فلم کے کچھ مناظر، جو کہ رامائن کے کرداروں سے مماثلت رکھتے تھے، میں مناسب تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سمبا کا چھیڑچھاڑ کا مکالمہ حذف کیا گیا ہے، جب کہ رام، سیتا اور ہنومان سے متعلق سینز کو بھی "مناسب طور پر" تبدیل کیا گیا ہے۔
فلم کے ایک منظر میں راون کا سیتا کو کھینچنے اور دھکیلنے کا سین، اور ہنومان کے جلانے کا منظر سینسر کیا گیا ہے۔ اسی طرح، ایک مکالمہ جو بھارت کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بین الاقوامی تعلقات کو متاثر کر سکتا تھا، اسے بھی فلم سے نکال دیا گیا ہے۔
سی بی ایف سی نے فلم کے آخر میں ایک وضاحتی نوٹ بھی شامل کروایا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فلم میں شامل کہانی اور کرداروں کو مقدس دیوتا نہ سمجھا جائے اور یہ محض ایک خیالی کام ہے۔ حتمی سینسرنگ کے بعد فلم کی لمبائی اب 2 گھنٹے 24 منٹ اور 12 سیکنڈ ہے، اور یہ 1 نومبر کو ریلیز ہوگی۔