خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

خوبصورت تحفہ

افشاں منظور، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر آنے والے قاری صاحب میرے لئے عمرہ سے ایک بہت خوبصورت سا تحفہ لائے ہیں ۔ وہ ڈیکوریشن پیس اس طرح لگتا ہے جیسے منقش کوئی چیز ہو ۔ میں بہت خوشی محسوس کرتی ہوں اپنی ساس کو دکھاتی ہوں تو وہ بھی بہت خوش ہوتی ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

دروازہ نہیں کھلتا

 بیگم ثریا، سکھر

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور ایک دروازے کے آگے کھڑی ہوں۔ وہ جانے کیسے بند ہوتا ہے کہ کھل ہی نہیں رہا ۔ میں بہت کوشش کرتی ہوں کہ زور لگانے سے یا کھٹکھٹانے سے کھل جائے مگر نہیں کھلتا۔ میں اس وقت کافی پریشان ہوتی ہوں اور گھر والوں کا سوچ کر گھبراہٹ میں اور زور زور سے دروازے کو کھولنے کی کوشش کرتی ہوں۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

 دوستون کے ساتھ پارٹی کرنا

نادر احمد، گوجرانوالہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکلتا ہوں، شائد میں کچھ خریدنے جا رہا ہوتا ہوں ۔ راستے میں کچھ دوست مل جاتے ہیں۔ میں کافی خوش ہوتا ہوں اور ہم باتیں کرتے ایک میدان میں جا نکلتے ہیں ۔ میں وہاں ایک جگہ بیٹھ جاتا ہوں ۔ میرا ایک دوست وہاں کچھ اینٹیں اور پتھر اکٹھے کر کے چولہا بنا کر آگ جلاتا ہے اور کوئی چیز بھوننے لگ جاتا ہے۔ یہ نہیں یاد کہ وہ کیا چیز ہوتی ہے مگر اس وقت خواب میں میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ یہ کباب تم کھا لو ۔ اب مجھے بعد میں خیال آ رہا ہے کہ وہ بنا کسی برتن کے کیسے کچھ پکا سکتا ہے مگر خواب میں یہی تھا کہ وہ کباب بنا رہا ہے ۔

 تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ ناپسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق کو اپنانے کی کوشش کریں ۔

بے تحاشہ کھانا

دلبر حسین ، سرگودھا

خواب : میں نے دیکھا کہ ایک گھر ہے بہت بڑا اور میں ادھر جاتا ہوں ۔ وہاں بہت انواع و اقسام کے کھانے ہیں ۔ میں کبھی ایک کھانے کو چکھتا ہوں اور کبھی کسی دوسری ڈش کو کھاتا ہوں ۔ ایک دوسری میز پہ کچھ غبارے پڑے ہوتے ہیں ۔ اچانک میں دیکھتا ہوں کہ میرا پیٹ بھی غبارے کی طرح پھولنا شروع ہو جاتا ہے۔ پھولتے پھولتے یہ بہت بڑا ہو جاتا ہے اور پھٹ جاتا ہے ۔

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو معدہ کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور سونے سے پہلے ہلکی چہل قدمی کریں ۔ ساتھ یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

گھر میں قرآن پڑھنا

آسیہ فرمان، حیدرآباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ جن بچیوں کو میں قرآن پڑھاتی ہوں ۔ وہ سب میرے گھر میں موجود ہیں اور مختلف سورتیں قرآت کے ساتھ پڑھ کر سنا رہی ہیں ۔ اسی دوران میری ساس کی ایک رشتے دار ہمارے کمرے میں آتی ہیں اور میری طرف اشارہ کر کے کہتی ہیں کہ مجھے تم قرآن سناؤ اور کسی بچی سے قرآن لے کر مجھے کھول کر دیتی ہیں کہ میں تلاوت کروں ۔ ان کی فرما ئش پہ میں سنانا شروع کر دیتی ہوں جس پہ وہ بہت خوش ہوتی ہیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے، اللہ تعالی کی رحمت اور برکت سے رزق میں اضافہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ آپ کا ذھنی رجحان اللہ تعالی کی طرف رہے گا اور قرآن کی تعلیم آپ دیتی ہیں اس کو جاری رکھئے تا کہ گھر میں خوشی و سکون حاصل ہو ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یاحی یاقیوم پڑھا کریں۔

امی ڈانتی ہیں

انیس بی بی، حیدر آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک بہت پیارا سا گاون پہنے ہوئے ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہی ہوں ۔ دل میں یہی سوچ رہی ہوں کہ اپنی ساری سہیلیوں کو بھی دکھاوں گی کہ یہ کس قدر خوبصورت ہے مگر اسی وقت میری امی کمرے میں آتی ہیں اور ڈانٹ کر مجھے اس گاون کو اتارنے کا کہتی ہیں، میں امی کو بہت کہتی ہوں کہ مجھے کچھ دیر یہ پہننا ہے اور دادی کے گھر ہو کر آنا ہے مگر وہ مجھے سختی سے منع کر دیتی ہیں اور اس کو زبردستی اتروا کر ساتھ لے جاتی ہیں ۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہو گی مگر اس کے ساتھ ساتھ کسی پریشانی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔

کمرے میں کالی بلی

مدثر بلوچ، کوئٹہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور اپنے کمرے میں لیٹا ہوا ہوں ۔ ادھر ایک کالی بلی آتی ہے اور الماری میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے ۔ میں بہت ڈرتا ہوں مگر وہ اپنی آنکھوں سے مجھے سخت گھورتی ہے، تو میں ڈر جاتا ہوں پھر ہمت کر کے جوتی دے مارتا ہوں اور پھر وہ بھاگ جاتی ہے۔

تعبیر : خواب کسی پریشانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کا تعلق خاندان کاروبار یا تعلیمی معاملات سے بھی ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کر سکیں ۔

آؤ بھگت ہونا

محمد بشیر ، جھنگ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی کھلے میدان میں ایک بہت بڑے ہجوم سے خطاب کر رہا ہوں جیسے باقاعدہ سٹیج پہ مجھ سمیت کچھ لوگ بیٹھے ہیں اور میں کسی موضوع پر تقریر کر رہا ہوں ۔ سب لوگ میری خوب آو بھگت کر رہے ہیں اور بہت عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کی اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

محفل میلاد میں شرکت

شاہدہ پروین، سرگودھا

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی محفل میلاد میں ہوں اور وہاں بہت سے لوگ ہیں مگر سب کے سب میرے لئے اجنبی ہیں ۔ میں خاموشی سے اپنی ساس کے ساتھ بیٹھی نعت سن رہی ہوں اور ایک بزرگ خاتون مجھے بلا کر ایک بہت بڑا مٹھائی کا ٹوکرا دیتی ہیں ۔ میں پریشانی میں اپنی ساس کی طرف دیکھتی ہوں اور وہ مجھے لینے کا اشارہ کرتی ہیں تو میں ان سے وہ لے کر اپنے پاس رکھ لیتی ہوں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اللہ کی طرف سے کسی مدد کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ ترقی کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔

گھر میں جنگلی جانور

ارم حسن، مری

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہماری چھت پہ ایک ریچھ ہے۔ صحن سے میری والدہ اس کو دیکھتی ہیں تو بہت چیخ و پکار کرتی ہیں ۔ ایک منٹ کے لئے میرا بھی دل جیسے بند ہونے لگتا ہے مگر پھر بھی میں تیزی سے باہر بھاگتی ہوں کہ گاوں میں سے ہی کوئی مدد لے سکوں ، مگر باہر دور دور تک کوئی نہیں ہوتا یہاں تک کہ ہمارے مددگار لڑکے بھی کہیں نظر نہیں آ رہے ہوتے ۔ اس کو دیکھ کر میں مزید گھبرا جاتی ہوں اور پریشانی کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

روزے میں پانی پینا

صابر علی، بہاولپور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں روزے سے ہوں اور پیپر کے لئے تیار ہو رہا ہوں ۔ میری امی مجھے کہتی ہیں کہ گرمی کی وجہ سے سر پہ رومال باندھ لو ، مگر میں اندر جا کر فریج سے ٹھنڈا پانی پی لیتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ امی سے پیسے لے جاوں تا کہ باہر سے ہی کچھ کھا کر گھر آوں تا کہ کسی کو پتہ نہ چلے کہ میرا روزہ نہیں ہے ۔

تعبیر : ۔یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے ۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کے اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

مخالف مٹھائی بانٹتا ہے

قیصر مغل، مریدکے

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ جس مقدمے میں میرے دوست کے ساتھ میرا مسلہ چل رہا ہے وہ کہیں بیٹھا بہت خوشی سے مٹھائی بانٹ رہا ہے اور میرے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بہت فخر سے اپنے آپ کی طرف اشارہ کرتا جا رہا ہے۔ مجھے دیکھ کر بہت پریشانی ہوتی ہے ۔

تعبیر :اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

سانپ سے خوفزدہ ہونا

اشفاق جٹ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گھر کے دروازے پہ ایک سیاہ رنگ کا سانپ ہے ۔ میں خوفزدہ ہو کر چھت پہ بھاگتا ہوں کہ ساتھ والوں کے گھر سے مدد لے سکوں، مگر اندر صحن میں بھی ایک چھوٹا سا سانپ ہوتا ہے ۔ میں تیزی سے اندر بھاگتا ہوں اور میں اس سے خوفزدہ ہوں اور بچنے کے لئے ادھر ادھر دیکھ رہا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

سفر میں آندھی کا سامنا

نزہت جبیں، راولپنڈی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہم کہیں گھومنے کے لئے گھر سے نکلے ہیں مگر راستے میں اتنی زیادہ تیز ہوا چلتی ہے کہ مٹی اڑ اڑ کر ہر چیز کو ڈھانپ لیتی ہے ۔ ہماری گاڑی بھی مٹی سے بھر جاتی ہے اور کچھ نظر نہیں آتا ۔ ہم پریشانی میں ادھر ہی کھڑے رہتے ہیں کیونکہ راستہ بالکل نظر نہیں آ رہا ہوتا ۔

تعبیر : خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

حلوے کی تعریف

فاطمہ نوازش، کراچی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ مل کر حلوہ کی بہت بڑی دیگ پکا رہی ہوں اور پھر اس کو مختلف لوگوں اور جگہ پہ بانٹ رہی ہوں ۔ اس کے بعد مجھے ہمارے ھمسائیے کھا کر تعریف کرتے ہوئے مذید کی فرمائش کرتے ہیں اور میں ایک ڈبہ بھر کر ان کی طرف بھجوا دیتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

 بھیڑیا پیچھے لگنا

محمد اعجاز، میانوالی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں رات کے وقت اپنے علاقے میں واپس شہر جانے کے لئے نکلتا ہوں اور راستے میں سنسان جگہ پہ بھیڑیا دیکھتا ہوں اور اس کو پتھر مارتا ہوں جو اس کو جا کر لگتا ہے اور وہ میری طرف لپکتا ہے۔ میں جان بچانے کے لئے تیزی سے بھاگتا ہوں اور دل ہی دل میں خود کو کوستا ہوں کہ چپ کر کے نکل جاتا ۔ اب وہ میرے پیچھے پڑ گیا ہے ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ ناپسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق کو اپنانے کی کوشش کریں ۔

سڑک کنارے پودے لگانا

اسلم اقبال، گوجرانوالہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گھر میں بہت سے پودے پڑے ہیں اور میں اپنے ملازمین سے کہہ رہا ہوں کہ یہ سب زمینوں میں لگا دیں بلکہ باہر سڑک کے کنارے بھی لگا دیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ میں خود بھی زمین کھود کر ان کو لگا رہا ہوتا ہوں ۔

تعبیر: ۔ اچھا خواب ہے اللہ تعالی کی رحمت و برکت سے آپ کو آسانی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور سونے سے پہلے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔